2025-04-26
قادیانی

از قلم ساجد محمود انصاری

بہت سے مغرب زدہ ذہن یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ مذہبی آزادی ہر شخص کا بنیادی حق ہے، لہٰذا قادیانیوں کو بھی یہ آزادی حاصل ہے کہ وہ جو مذہب چاہے اختیار کریں۔ یہی ذہن ایک قدم مزید آگے بڑھتے ہیں اور کہنے لگتے ہیں کہ آئینِ پاکستان میں ہر مذہب کو تبلیغ کرنے کی آْزادی دی گئی ہے، تو پھر قادیانیوں کو تبلیغ کی اجازت کیوں نہیں؟

احتراماً عرض ہے کہ بلاشبہ قادیانیوں کو بھی حق حاصل ہے  کہ وہ جو مذہب چاہے اختیار کریں مگر وہ اپنے مذہب کا نام تو بتائیں۔ ہر مذہب کسی نہ کسی نبی کا پیروکار ہونے کا مدعی ہے، جیسے یہودی حضرت موسیٰ علیہ  السلام کے پیروکار ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں اور عیسائی حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیروی کرنے کے دعوے دار ہیں۔  قادیانی بھی ایک جھوٹے نبی مرزا غلام احمد قادیانی کے پیروکار ہیں جس کی نسبت سے انہیں قادیانی یا احمدی کہا جاتا ہے۔ ان کی مقدس کتاب کا نام براہین احمدیہ ہے۔

 بد قسمتی سے قادیانیوں سے ان کے مذہب کا نام پوچھیں تو وہ اپنا مذہب اسلام بتاتے ہیں، حال آن کہ وہ  مرزا غلام احمد قادیانی کو نبی مانتے ہیں اور جو اس جھوٹے کو نبی نہ مانے اسے واجب القتل سمجھتے ہیں۔ قادیانی دنیا کے سب سے بڑے جعل ساز ہیں جو قادیانی مذہب کو

 اسلام کا نام دیتے ہیں۔جب کہ اسلام کی مقدس کتاب قرآن ہے جس میں سورۃ الاحزاب آیت  40 کے مطابق امام الانبیا محمد رسول اللہ ﷺ اللہ تعالیٰ کے آخری نبی و رسول ہیں، جن کی نبوت کے ظہور کے بعد کوئی سچانبی پیدا نہیں ہوگا کیوں کہ نبوت کا سلسلہ حضرت محمد ﷺ پر مکمل اور ختم ہوچکا۔ رسول اکرم ﷺ کی کامل تعلیمات کے بعد کسی نئے نبی کی ضرورت نہیں ہے۔ لہٰذا ثابت ہوا کہ اسلام میں مرزا غلام احمد قادیانی کی نبوت کی کوئی گنجائش نہیں۔

ہم قادیانیوں کو یہ اجازت تو دیتے ہیں کہ وہ دنیا کا کوئی بھی مذہب اختیار کر لیں، مگر انہیں یہ اجازت ہرگزنہیں دے سکتے کہ وہ  جھوٹے نبی مرزا غلام احمد قادیانی کی تعلیمات کو اسلام کا نام دیں۔ براہین احمدیہ کو قرآن سے اعلیٰ وحی الہٰی قرار دیں، جھوٹے مرزا کے ساتھیوں کو صحابہ اور اس کے اہلِ خانہ کو اہلِ بیت   رسول گردانیں۔ مرزا غلام احمد قادیانی نے براہین احمدیہ نامی کتاب میں یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ اس پر قرآن جیسی بہت سی سورتیں نازل ہوئی ہیں۔ہمارے  زیرِ نظرمضمون کا موضوع قادیانیوں کے باطل عقائد کی تفصیل بیان کرنا نہیں ہے، اس کے لیے ہمارا مضمون ’’قادیانی عقائد‘‘ ملاحظہ فرمائیں۔

 قادیانیوں کو تبلیغ کی اجازت اس لیے نہیں دی جاسکتی کہ وہ مرزا غلام احمد قادیانی کو اللہ کا نبی اور اس کی لکھی ہوئی کتاب براہین احمدیہ کو اللہ کی کتاب قرار دے کر اصرار کرتے ہیں ان کے اس دعویٰ کو اسلام سمجھا جائے، جب کہ یہ دعویٰ سراسر کفر ہے۔ ہمارے سادہ لوح مسلمان کہتے ہیں کہ قادیانی بھی  کلمہ پڑھتے ہیں، نمازیں پڑھتے ہیں، مسلمانوں کی طرح نکاح کرتے ہیں، حج کرتے ہیں تو پھر وہ دائرہ اسلام سے خارج کیسے ہوئے؟

اس سوال کا تفصیلی جواب جاننے کے لیے  ہمارے مضمون  ’’قادیانی عقائد‘‘ کا مطالعہ فرمائیں۔ مختصر جواب یہ ہے کہ اگر کوئی عیسائی کہے کہ میں قرآن کو بھی مانتا ہوں اور بائبل کو بھی اللہ کی نازل کی ہوئی اصل کتاب مانتا ہوں، نیز سینٹ پال   کوبھی اللہ نبی مانتا ہوں تو کیا آپ  اسےمسلمان مان لیں گے؟ اگرچہ وہ روزے بھی رکھنے لگے، نمازیں بھی پڑھنے لگے اور خود کو مسلمان بھی کہلائے۔ جس طرح وہ شخص محض دعوے کی بنیاد پر مسلمان تسلیم نہیں کیا جاسکتا اسی طرح قادیانیوں کو بھی مسلمان تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔ لہٰذا  اچھی طرح ذہن نشین کرلیں کہ قادیانی مذہب مسلمانوں کا کوئی فرقہ نہیں ہے بلکہ اسلام سے الگ ایک مذہب کا نام ہے، جس نے بعض نام مسلمانوں سے ملتے جلتے اپنا لیے ہیں۔ سکھ مذہب والے رب کو مانتے ہیں، توحید کو ماننے کے دعوے دار ہیں، حضرت محمد ﷺ کو ایک اعلیٰ شخصیت مانتے ہیں۔مگر کیا اس دعوے کی بنیاد پر انہیں مسلمان سمجھا جائےگا؟ یقیناً اس سوال کا جواب نفی میں ہے۔ جس طرح زہر کی بوتل پر شہد کا لیبل لگانے سے زہر شہد نہیں بن سکتا اسی طرح جھوٹے نبی مرزا غلام احمد قادیانی کے مذہب پر اسلام کا لیبل لگانے سے یہ اسلام نہیں بن سکتا۔

Be the first to write a review

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Discover more from دَارُالحِکمۃ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading